خیبر کے علاقے باڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں سرکاری سکول کے کمپیوٹر ٹیچر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گورنمنٹ ہائی سکول جان خان کلے برقمبر خیل کے مرکزی گیٹ کے سامنے پیش آیا، جہاں کمپیوٹر ٹیچر مسافر شاہ کو موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں: پانچ افراد کے قتل میں مطلوب ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک
فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔ لاش کو قانونی کارروائی اور ضروری مراحل کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث افراد کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
