بنوں میں پولیس نے کارروائی کے دوران پانچ افراد کے قتل میں مطلوب ملزم عدنان ولد عنایت اللہ کو پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم جنگلاتی علاقے میں موجود تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ کی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں یاسر آفریدی کو اطلاع ملی کہ مقدمے میں مطلوب ملزم عدنان، سکنہ جامن روڈ خشنی کلہ، جنگلات میں چھپا ہوا ہے۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد ڈی پی او کی قیادت میں ایس ڈی پی او سٹی اور ایس ایچ او سٹی پولیس ٹیم نے کارروائی کی۔
یہ بھی پڑھیے: سونا سستا ہونے کا سلسلہ جاری، قیمت میں مزید کمی ہوگئی
پولیس کے مطابق گرفتاری کی کوشش کے دوران ملزم نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران ملزم کی لاش برآمد ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم پانچ افراد کے قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم نے گزشتہ روز ایک ہی گھر کے تین افراد کو قتل کیا تھا، جس کے بعد علاقے میں احتجاج ہوا اور بنوں-میرانشاہ روڈ بند کر دیا گیا تھا۔
احتجاج کے دوران ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان اور ڈی پی او یاسر آفریدی نے مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے دو دن کی مہلت طلب کی تھی۔
