افغانستان واپس جانے والے افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے طورخم بارڈر پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، تاہم سرحد کھولنے کے حوالے سے تاحال باضابطہ احکامات جاری نہیں کیے گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حمزہ بابا مزار کے قریب قائم ہولڈنگ کیمپ میں عملے کی تعیناتی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ مہاجر خاندانوں کے قیام کے لیے دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
کیمپ میں صفائی ستھرائی کا عمل بھی جاری ہے تاکہ واپسی کے عمل کو منظم اور سہل بنایا جا سکے
:یہ بھی پڑھیں باجوڑ میں انتظامیہ نے افغان مہاجرین کو کل صبح تک علاقہ خالی کرنے کا حکم دے دیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام تر انتظامات کے باوجود طورخم بارڈر کے ذریعے افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے سرحد کھولنے کا تاحال کوئی باضابطہ حکم موصول نہیں ہوا۔
متعلقہ حکام احکامات کے منتظر ہیں، جس کے بعد واپسی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ طورخم بارڈر پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم گزرگاہ ہے، جہاں سے روزانہ کی بنیاد پر آمد و رفت ہوتی ہے، تاہم حالیہ صورتحال کے باعث مہاجرین کی واپسی کا عمل تاحال شروع نہیں ہو سکا۔
