باجوڑ کے حلقہ پی کے 22 میں آپریشن سے متاثرہ خاندانوں (آئی ڈی پیز) کو امدادی رقوم سیم کارڈ کے ذریعے منتقل کی جائیں گی جبکہ اس حوالے سے معلومات متاثرہ خاندانوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔
ہر متاثرہ خاندان کو ایک لاکھ دس ہزار روپے ایک ہی قسط میں دیے جائیں گے اور امدادی رقوم کی فراہمی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
نادرا کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کی ویریفیکیشن کا عمل 13 مارچ کو مکمل ہو چکا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 2600 سے زائد خاندان امدادی رقوم کے مستحق قرار دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سعودی عرب: لوئر دیر کے شہری حبیب اللہ کی بیماری کے باعث وطن واپسی کے لیے مدد کی اپیل
اس حوالے سے پی کے 22 باجوڑ سے رکن صوبائی اسمبلی نثار باز نے سیکرٹری ریلیف اور پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر عارف یوسفزئی کے ساتھ متعدد ملاقاتیں کیں۔
نثار باز کے مطابق اس مرتبہ حلقے کے عوام کو ویریفیکیشن کے دوران روایتی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا، کیونکہ اکثر مقامات پر رجسٹریشن کے نام پر آئی ڈی پیز کو غیر ضروری تکالیف دی جاتی ہیں۔
نثار باز نے بتایا کہ اس پورے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور نادرا کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقے کے ویلیج کونسلز کے منتخب چیئرمینوں اور معززین کو بھی اس عمل میں شامل کیا گیا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ان کا حق ہر صورت مل سکے۔
نثار باز کے مطابق ماضی میں اکثر ایسا ہوتا تھا کہ آپریشن سے متاثرہ افراد کو امدادی رقم قسطوں میں دی جاتی تھی، تاہم اس مرتبہ رقم ایک ہی قسط میں فراہم کی جا رہی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف مل سکے۔
