کوہاٹ میں ڈاکٹر مہوش کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

 

صوبائی وزیرِ صحت خالق الرحمان نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملزمان پولیس کی تحویل میں ہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: ڈاکٹر مہوش قتل کیس: جنوبی اضلاع اور مردان ڈویژن میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا الیکٹیو سروسز سے بائیکاٹ

 

انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ سہیل خان آفریدی کی خصوصی ہدایات پر سیکیورٹی اداروں نے دن رات کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں یہ کامیابی حاصل ہوئی۔ وزیرِ صحت کے مطابق حکومت اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔

 

خالق الرحمان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مضبوط عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ملزمان کو قرار واقعی اور عبرتناک سزا دلائی جائے گی۔

 

 انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت سوگوار خاندان اور ڈاکٹر برادری کے ساتھ کھڑا ہے اور انصاف ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

حکام کے مطابق تفتیش کا عمل جاری ہے۔