باجوڑ کے تحصیل خار میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کے ابابیل اسکواڈ پر حملہ کر کے 4 اہلکاروں کو شہید اور 2 کو زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ نوی کلی علاقے میں پیش آیا، جہاں ابابیل اسکواڈ اپنی معمول کی گشت اور سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا کہ اچانک مسلح افراد نے فائرنگ شروع کر دی۔
یہ بھی پڑھیے: چارسدہ: جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ، پولیس تحویل میں پیشی پر لایا گیا ملزم قتل
شدید حملے کے نتیجے میں 4 اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی۔
ایس ایچ او گل زادہ کے مطابق زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابابیل اسکواڈ رمضان المبارک کے دوران علاقے میں سیکیورٹی کے پیش نظر تعینات تھا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور اعلیٰ حکام نے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
