حکومتِ پاکستان نے رمضان المبارک 2026 کے لیے وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکج کی اہلیت چیک کرنے کا طریقہ کار آسان اور مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا دیا ہے، تاکہ مستحق افراد کو بروقت اور شفاف امداد دی جا سکے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اس نظام کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کی قیادت میں تیار کیا گیا جبکہ تکنیکی معاونت نیشنل آئی ٹی بورڈ نے فراہم کی۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی آن لائن پورٹل اور موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔
شہری مخصوص ویب سائٹ یا “پاک ایپ” کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی بنیادی معلومات درج کر کے چند منٹوں میں اپنی اہلیت معلوم کر سکتے ہیں۔ نظام فوری طور پر معلومات کی جانچ کر کے نتیجہ فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم شہباز شریف کا رمضان ریلیف پیکج کا اعلان، مستحق خاندانوں کو کتنی رقم ملے گی؟
حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن نظام سے لوگوں کو دفاتر کے چکر، لمبی قطاروں اور کاغذی کارروائی سے نجات ملے گی، جبکہ شفافیت بھی بڑھے گی اور اصل مستحقین کی درست نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔
درخواست دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ درست اور مکمل معلومات فراہم کریں، کیونکہ غلط یا نامکمل معلومات کی صورت میں درخواست مسترد ہو سکتی ہے۔
حکومت کے مطابق اس ریلیف پیکج کا مقصد مہنگائی سے متاثر کم آمدنی والے افراد کو رمضان کے دوران بنیادی اشیائے ضروریہ تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے امدادی عمل کو تیز، شفاف اور عوام دوست بنایا گیا ہے۔
