پنجاب کے ضلع بھکر میں داجل چیک پوسٹ پر افطار کے وقت خودکش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 1  زخمی ہوگیا۔

 

ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان کے مطابق یہ حملہ اس چیک پوسٹ پر ہوا جو پنجاب کو خیبرپختونخوا سے ملانے والے دریا کے پل پر قائم ہے۔ دھماکے کے وقت اہلکار معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔

 

یہ بھی پڑھیے: کوہاٹ: شکردرہ روڈ پر پولیس موبائل پر دہشتگرد حملہ، ڈی ایس پی سمیت 6 اہلکار شہید، 4 زخمی

 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں کانسٹیبل فہیم اور شہباز شہید ہوگئے، جبکہ زخمی اہلکار ارشد کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔

 

ڈپٹی کمشنر احسان علی کے مطابق واقعے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور سیکیورٹی اداروں نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

 

آئی جی پنجاب نے شہید اہلکاروں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس دہشت گردی کے خلاف ڈٹی ہوئی ہے۔