ملاکنڈ کے علاقے گھڑی عثمانی خیل میں پیر کی صبح نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک 16 سالہ طالبہ ہلاک ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق فریال ولد گوہر، جو نجی کالج کی طالبہ تھی، صبح کالج جانے کے لیے گھر سے نکلی تو اخون بابا قبرستان کے قریب نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیے: چارسدہ: مستورات کے تنازع پر فائرنگ، 4 افراد جاں بحق
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر طالبہ کی لاش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال درگئی منتقل کیا۔ ہسپتال کے ذرائع نے تصدیق کی کہ لڑکی مردہ حالت میں لائی گئی تھی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کے کسی کے ساتھ کسی قسم کی دشمنی کا علم نہیں، اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ملاکنڈ لیویز نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
