ازلان خان آفریدی
ضلع خیبر کے علاقے باڑہ بازار میں علم و ادب کا خوبصورت سماں اس وقت دیکھنے کو ملا جب خیبر یونین پاکستان اور خیبر سٹوڈنٹس یونین کے زیرِ اہتمام تین روزہ شاندار کتب میلہ منعقد کیا گیا۔ میلے کا بنیادی مقصد علاقے میں کتاب دوستی کو فروغ دینا، نوجوان نسل کو مطالعے کی جانب راغب کرنا اور ایک مضبوط علمی و فکری ماحول کی تشکیل تھا۔
کتب میلے میں تاریخ، ادب، سیاست، مذہب، فلسفہ اور عصری مسائل پر مبنی کتب کے مختلف اسٹالز سجائے گئے تھے۔ رنگا رنگ اور متنوع موضوعات پر مشتمل کتابوں نے طلبہ، اساتذہ اور عام شہریوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے میلے میں شرکت کی اور اس مثبت علمی سرگرمی کو بے حد سراہا۔
یہ بھی پڑھیے: ملالہ یوسفزئی کی جانب سے پاکستانی طالبات کیلئے خوشخبری
میلے کے دوران تعلیمی مباحثے، فکری نشستیں اور نوجوانوں کی رہنمائی کے خصوصی سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔ ان نشستوں میں مقررین نے نوجوانوں میں شعور و آگاہی پیدا کرنے، تنقیدی سوچ کو فروغ دینے اور مثبت و تعمیری رویوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرامز نہ صرف مطالعے کی عادت کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں فکری بیداری کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
اس موقع پر خیبر یونین پاکستان کے صدر ہاشم خان آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتاب شعور اور ترقی کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ضلع خیبر کا ہر نوجوان قلم اور کتاب سے اپنا رشتہ مضبوط کرے کیونکہ باشعور معاشرہ ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے میلوں سے علاقے میں فکری تبدیلی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔
خیبر یونین پاکستان کے جنرل سیکرٹری عبدالباقی آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے نکال کر علمی اور ادبی سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ باڑہ کے بعد جمرود اور لنڈی کوتل میں بھی کتب میلوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس علمی سفر کا حصہ بن سکیں۔
خیبر سٹوڈنٹس یونین کے صدر اختر اللہ آفریدی نے کہا کہ تعلیم اور مطالعہ ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ ضلع خیبر کو علم و آگاہی کا گہوارہ بنایا جا سکے۔
منتظمین کے مطابق یہ کتب میلہ محض ایک تقریب نہیں بلکہ ایک فکری تحریک کا آغاز ہے، جس کا مقصد نوجوان نسل میں مطالعے کا رجحان مستحکم کرنا اور علاقے میں علم دوست روایت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی ایسے علمی و ادبی پروگرامز کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا تاکہ ضلع خیبر میں علم کی یہ روشنی مزید پھیلتی رہے۔
