خیبرپختونخوا میں بارش کے باعث چھتیں گرنے سے 9 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے سے 9 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق باجوڑ کے علاقے غاخی کنڈؤ ماموند میں تیز بارش کی وجہ سے کمرے کا چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ڈیزاسٹر اور میڈیکل ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارواٸیاں شروع کیں۔ ریسکیو 1122 ڈیزاسٹر ٹیم اور علاقائی لوگوں نے مل کر بچوں کو ملبے سے نکال دیا۔
لوئر دیر تالاش مولی خٹ میں مٹی کا تودہ گھر پر گرنے سے تین افرا جاں بحق اور ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملبے تلے چار افراد دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسیز اور اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو 1122 ٹیموں نے مسلسل تین گھنٹے اور تیس منٹ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا۔
ریسکیو 1122 ٹیموں نے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن کے دوران ملبے تلے دبے چار افراد کو ریکور کر کے کیٹگری ڈی ہسپتال تالاش منتقل کر دیا۔ ہسپتال میں ڈاکٹروں نے تین افراد کے جان بحق ہونے کی تصدیق کردی۔
ملاکنڈبٹ خیلہ میں تیزبارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹاجاں بحق ہوگئے۔ ملبے تلے دبنے سے 7 سالہ بچہ زخمی ہوگیا۔ واقعہ رات گئے بٹ خیلہ کے محلہ خٹکے میں پیش ایا۔ لاشوں اور زخمی کو ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ منتقل کردیا گیا۔
پشاورکے علاقہ تاج آباد میں مکان کی چھت گرنے کے باعث ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔