جرائم

بی آر ٹی میں چوری کرنے والی تین خواتین گرفتار

 

آفتاب مہمند

پشاور پولیس نے بی آر ٹی میں خواتین سے قیمتی موبائل فونز، نقد رقم اور دیگر اشیاء چوری کرنے والی خواتین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پشاور پولیس کے مطابق تھانہ غربی پولیس نے ایک خاتون کی رپورٹ پر بی آر ٹی میں چوری کی واردات کا مقدمہ درج کیا تھا۔ اس طرح اور بھی عوامی شکایات ملی تھیں جس پر ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے نوٹس لیا تھا۔ ڈی ایس پی کینٹ ہارون جدون کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ غربی عبدالحمید اور لیڈیز پولیس پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

خصوصی ٹیم نے کارروائی کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے بی آر ٹی میں بیس بدل کر خواتین سے قیمتی موبائل فونز، نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیاء چوری میں ملوث تین خواتین چور گینگ گرفتار کر لیا۔

تینوں خواتین ملزمان کا تعلق ضلع نوشہرہ سے ہے جنکو مزید تفتیش کیلئے پشاور کی وومن پولیس سٹیشن منتقل کیا جا چکا ہے۔

گرفتار گینگ کے قبضے سے مسروقہ رقم 25 ہزار روپے، پرس، دستاویزات، مسروقہ بی آر ٹی کارڈ اور ایک عدد موبائل فون بھی برآمد کیا گیا ہے۔ خواتین ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران چوری کے متعدد وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ 25 ستمبر کو بھی پشاور پولیس نے ایک کارروائی کے دوران بی آر ٹی میں خواتین سے قیمتی موبائل فونز، نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کرنے والی چار خواتین ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار ملزمان میں سے دو خواتین کا تعلق راولپنڈی اور دو کا گلبہار امامیہ کالونی سے تھا۔ گرفتار چاروں خواتین ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر نو عدد قیمتی موبائل فونز سمیت ہزاروں روپے نقد رقم بھی برآمد کرلی گئی تھی۔

اسی طرح 1 فروری 2022 کو بھی پشاور کی ٹاون پولیس نے ایک کارروائی کے دوران خواتین مسافروں کو لوٹنے والی خاتون ملزمہ کو گرفتار کیا تھا جسکا کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان سے تھا جو بی آر ٹی بس اسٹیشنز میں خواتین مسافروں کو لوٹنے سمیت مختلف تجارتی مراکز میں کھڑی گاڑیوں سے موبائل فونز اور دیگر اشیاء چوری کرنے میں بھی ملوث پائی گئی تھی۔

1 فروری 2022 کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مشکوک خاتون کی مشکوک حرکت پر لیڈیز پولیس کے ہمراہ ٹاون پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لیا تھا۔ دوران تلاشی ملزمہ کے پرس سے چھ عدد موبائل فونز بھی برآمد ہوئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button