تہکال میں چھت گرنے کا واقعہ: مرنے والوں میں ایک نئی نویلی دلہن بھی شامل
پشاور کے علاقہ تہکال کے قریب کچے مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوئے تھے جن میں سے دس راتوں کی ایک دلہن بھی شامل تھی۔
ٹی این این زرائع کے مطابق ارباب روڈ انقلاب کالونی میں گزشتہ روز یہ واقعہ ایک افغان گھرانے کے ساتھ پیش آیا تھا پڑوسیوں کی دیوار گرنے سے جن کے گھر کی چھت بیٹھ گئی تھی۔ واقعہ میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔
ٹی این این کی ٹیم نے آج متاثرہ خاندان کے ساتھ ملاقات کی جس میں یہ افسوس ناک حقیقت بھی سامنے آئی کہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والی دو بہنوں میں سے ایک کی دس دن قبل شادی ہوئی تھی اور وقوعہ سے اک دو روز قبل افغانستان سے میکے آئی ہوئی تھی۔ اسی دلہن کی ملاقات کے لئے آنے والی ان کی ایک چچازاد بہن بھی موت کو گلے لگا بیٹھی۔
خیال رہے کہ افغان پناہ گزینوں سے متعلق ادار یو این ایچ سی آر کے اہلکاروں نے اس علاقے کا دورہ کیا ہے جو متاثرہ خاندان سے ملاقات اور کچھ تصاویر اتار کر واپس چلے گئے اور تادم تحریر متاثرین کو کسی قسم کی کوئی امداد نہیں ملی ہے۔
افغان مہاجرین کی بابت پروانشل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی کیا پالیسی ہے، کیا افغان پناہ گزین بھی کسی قدرتی آفت کی صورت پی ڈی ایم اے کی جانب سے ریلیف کے حقدار ہوتے ہیں یا نہیں، اس حوالے سے ٹی این این کی جانب سے متعلقہ ادارے کے ساتھ بار بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی جو ناکام رہی۔