سنچری میکر کامران اکمل نے پشاور زلمی کو جیت کے ٹریک پر ڈال دیا
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی زبردست سنچری کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا جو پشاور زلمی نے 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کامران اکمل نے 101 جبکہ حیدر علی نے 25 رنز بنائے۔
کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا۔ کوئٹہ کو پہلا نقصان 33 رنز پر اٹھانا پڑا جب واٹسن 10 گیندوں پر 8 رنز آؤٹ ہوئے۔
تیسرے نمبر پر آنے والے احمد شہزاد بھی زیادہ کھل کر نہ کھیل سکے اور 12 گیندوں پر 12 رنز بنا کیچ آؤٹ ہوگئے۔
آٹھ اوورز میں 50 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان سرفراز احمد نے جیسن رائے کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بنائے۔ کوئٹہ کی چوتھی وکٹ 112 رنز پر گری جب سرفراز 25 گیندوں پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد جیسن رائے وکٹ پر جمے رہے مگر آخری اوورز میں بڑی شاٹس لگانے میں ناکام رہے جب کہ پانچویں نمبر آنے والے اعظم خان اور چھٹے نمبر آنے والے محمد نواز بھی ناکام ہوئے۔ دونوں بالترتیب 5 اور 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے 57 گیندوں پر 73 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 2وکٹیں حاصل کیں۔
شاندار سنچری پر کامران اکمل کا میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پشاور زلمی کو اپنے پہلے میچ میں گزشتہ روز کراچی کنگز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ دفاعی چیمپئن کوئٹہ نے افتتاحی میچ میں اسلام آباد کے خلاف فتح حاصل کی تھی۔
آج دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطان کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔