صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں گزشتہ رات سے ہونے والی تیز بارش، آسمانی بجلی گرنے اور فلیش فلڈ کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باڑہ زکا خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 3 بچے زخمی ہوگئے۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق لوئر چترال میں موسلادھار بارش اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں آنے والے فلیش فلڈ سے 27 مکانات متاثر ہوئے۔ سیلابی ریلے کے باعث 2 مساجد، 2 دکانوں اور ایک پل کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ 4 گاڑیاں اور متعدد موٹر سائیکلیں بھی متاثر ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیے: سونا ایک بار پھر سستا، آج فی تولہ کتنے روپے کم ہوا؟
پی ڈی ایم اے کے مطابق اپر چترال کے علاقے یارخون، مستوج میں بھی فلیش فلڈ کے باعث ایک مکان، آبنوشی کی متعدد اسکیمیں اور نہریں متاثر ہوئیں۔ تاہم علاقے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔
ادھر پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ لوئر چترال میں فلیش فلڈ کے باعث بند ہونے والی 2 رابطہ سڑکیں بھی ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر تمام ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صوبے بھر کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
