زالان آفریدی
ضلع خیبر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال لنڈی کوتل میں پہلی بار گردوں کے مریضوں کے لیے ڈائیلسز سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، جہاں پہلے مریض کا کامیاب ڈائیلسز بھی کیا گیا۔ اس پیش رفت کو علاقے کے لوگوں نے صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سروس کے آغاز سے لنڈی کوتل اور ضلع خیبر کے دیگر علاقوں کے گردوں کے مریضوں کو علاج کے لیے بار بار پشاور جانے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے نہ صرف ان کے سفری اخراجات اور وقت کی بچت ہوگی بلکہ علاج کے حصول میں درپیش مشکلات بھی کم ہوں گی۔ اس کے علاوہ پشاور کے انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز (IKD) پر مریضوں کا دباؤ بھی کم ہوگا۔
تاہم مقامی شہریوں نے نشاندہی کی کہ ڈائیلسز یونٹ میں موجود دونوں مشینیں پرانی ٹیکنالوجی کی ہیں اور مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے مقابلے میں ناکافی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: کیا میت کے ایصالِ ثواب کے نام پر ہم ایک غلط روایت کو فروغ دے رہے ہیں؟
اس حوالے سے ڈی ایچ کیو ہسپتال لنڈی کوتل کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جمیل احمد نے بتایا کہ ہسپتال میں پہلے سے موجود دو مشینیں انتہائی پرانی تھیں، جنہیں قابلِ استعمال بنانے کے لیے انجینئرز کو متعدد مرتبہ بلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ جدید ٹیکنالوجی کی مشینیں نہیں، تاہم انہی کے ذریعے آج سے ڈائیلسز سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر جمیل احمد کے مطابق ضلع خیبر میں گردوں کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ابتدائی مرحلے میں ہی 25 سے زائد مریض اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز (IKD) کو جدید ٹیکنالوجی کی 30 ڈائیلسز مشینیں فراہم کی گئی ہیں، اسی طرح ڈی ایچ کیو ہسپتال لنڈی کوتل کو بھی کم از کم پانچ جدید ڈائیلسز مشینیں فراہم کی جائیں تاکہ ضلع خیبر کے گردوں کے مریضوں کو بروقت، محفوظ اور معیاری علاج ان کے اپنے علاقے میں میسر آ سکے اور انہیں علاج کے لیے پشاور یا دیگر شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔
آخر میں مقامی شہریوں نے اس سہولت کے آغاز پر صوبائی حکومت، صوبائی وزیر صاحبزادہ محمد عدنان قادری، اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر، ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جمیل احمد اور تمام طبی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ضلع خیبر، بالخصوص لنڈی کوتل اور ملحقہ علاقوں کے گردوں کے مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت میسر آئے گی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جمیل احمد نے ڈائیلسز یونٹ کا دورہ کیا، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور عملے سے ملاقات کرتے ہوئے سروس کے مؤثر تسلسل کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
