بنوں میں مروت کنال روڈ سے دو پولیس اہلکاروں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت اہلکار امجد اور حضرت کے ناموں سے ہوئی ہے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کو گزشتہ روز عشاء کی نماز کے دوران مسجد سے اغوا کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سوکڑی حسن خیل سے اغوا کیے گئے تین بھائیوں میں سے دو کو قتل کر دیا گیا، جبکہ تیسرا بھائی سعید اختر تاحال اغواکاروں کے قبضے میں ہے۔

 

لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔