ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے کارڈوک میں مبینہ طور پر مارٹر گولہ پھٹنے سے ایک کمسن بچہ جاں بحق جبکہ آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔

 

 ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں مجموعی طور پر نو افراد متاثر ہوئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

 

ابتدائی اطلاعات کے مطابق چند بچوں کو ایک مشتبہ مارٹر گولہ ملا جسے وہ کھیلتے ہوئے گھر لے آئے۔ ذرائع کے مطابق گولہ اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے باعث گھر میں موجود افراد زد میں آ گئے۔

 

حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت انس ولد حضرت کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں میں واجد ولد عنایت، یامان ولد جہان، جواد ولد جہان، شاہد ولد عبد الواحد، ایک کمسن بچی دختر فضل واحد، ز (اہلیہ حضرت)، ف (اہلیہ جہان) اور ایک خاتون (اہلیہ عبد الواحد) شامل ہیں۔

 

تمام زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

 

انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ ابتدائی طور پر واقعہ حادثاتی نوعیت کا معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

واضح رہے کہ قبائلی اضلاع میں ماضی میں بھی غیر پھٹے گولہ بارود اور بارودی مواد کے باعث ایسے افسوسناک واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔

 

 ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک یا نامعلوم شے کو ہرگز ہاتھ نہ لگائیں اور فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔