سیاست

تحریک اصلاحات پاکستان نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا

آفتاب مہند

خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والی سیاسی جماعت تحریک اصلاحات پاکستان نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں تحریک اصلاحات کے سرابرہ الحاج شاہ جی گل آفریدی نے خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر امقام اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

تحریک اصلاحات پاکستان کے ترجمان زاہد کوکی خیل نے ٹی این این کو بتایا کہ چونکہ ان کے جماعت کو مسلم لیگ ن کی طرف سے شمولیت کی پیشکش ہوئی تھی اور اس سلسلے میں گزشتہ ہفتے تحریک اصلاحات پاکستان نے علاقہ جمرود میں باقاعدہ طور پر ایک اجتماع منعقد کیا تھا جس میں کوکی خیل قبیلہ، پارٹی کے تمام رہنماؤں اور کارکنان کو اعتماد میں لیا گیا تھا جس کے بعد آج باضابطہ طور مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا گیا۔

زاہد کوکی خیل کے بقول الحاج شاہ گل سمجھتے ہیں کہ 2018 میں جب فاٹا انضمام ہو رہا تھا تو اس وقت پاکستان مسلم لیگ ن نے نہ صرف فاٹا اصلاحات میں ان کی مدد کی تھی بلکہ فاٹا انضمام میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا جبکہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف وہ پاکستانی سیاستدان ہیں جنہوں نے ہر شعبے میں ملک کیلئے سب سے زیادہ خدمات انجام دئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک مرتبہ پھر ایشین ٹائیگر کا مقام نواز شریف ہی دلوائیں گے جبکہ ہوری قوم کی امید ہی واحد میاں نوازشریف ہیں۔ مسلم لیگ ن اب نہ صرف قبائلی اضلاع بلکہ پورے صوبے کی ترقی و خوشحالی پر بھی بھرپور توجہ دیں گی۔

زاہد کوکی خیل کہتے ہیں کہ ان کی جماعت کا مسلم لیگ ن میں شمولیت سے خیبر پختونخوا میں آنے والی حکومت مسلم لیگ ن کی ہوگی کیونکہ وہ لوگ جن کا خاندانی طور پر سیاست سے تعلق ہے یا نہیں لیکن وہ الحاج شاہ جی گل کے ساتھ مسلم لیگ ن میں شمولیت کیلئے رابطے کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ الحاج شاہ گل نے 2013 کے عام انتخابات سے قبل جمرود میں ایک اجتماع منعقد کیا تھا اور اس وقت علاقے کے لوگوں کی اجازت سے سیاست میں آنے کا اعلان کیا تھا۔ الحاج شاہ جی گل نے ضلع خیبر سے 2013 کے انتخابات میں آزاد امیدوار کی حثیت سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ کر سابق وفاقی وزیر نورالحق قادری کو ہرایا تھا تاہم 2018 کے عام انتخابات میں شاہ جی گل نورالحق قادری سے قومی اسمبلی کا الیکشن ہار گئے تھے۔

زاہد کوکی خیل کہتے ہیں کہ 2015 میں شاہ جی گل کا بھائی الحاج تاج محمد آفریدی سابقہ فاٹا سے آزاد حثیت سے سنیٹر بھی منتخب ہوئے تھے۔ فاٹا انضمام کے بعد جب تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات منعقد ہوئے تو الحاج کاروان کے شفیق شیر آفریدی اور بلاول آفریدی ممبران خیبر پختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئے تھے۔ کچھ عرصہ بعد انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کیساتھ اتحاد کرکے خواتین کی مخصوص کوٹے پر بھی ان کو یہ نشست ملا تھا جس پر بصیرت شنواری کو ممبر صوبائی اسمبلی بنا دیا گیا۔

اسی طرح گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں بھی جمرود اور لنڈی کوتل سے سید نواب آفریدی، شاہ خالد شینواری سمیت ان کے کئی ممبران منتخب ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 14 اگست 2021 کو پشاور کے باغ ناران میں الحاج کاروان نے ایک جلسے کا انعقاد کرکے باقاعدہ طور پر تحریک اصلاحات پاکستان کے نام سے ایک پارٹی بنانے کا اعلان کیا تھا جو آج پاکستان مسلم لیگ ن میں ضم کردی گئی۔

خیبر پختونخوا سے مسلم لیگ ن میں ایک بڑی شمولیت پر ترجمان مسلم لیگ ن اختیار ولی کہتے ہیں کہ الحاج شاہ گل آفریدی اور ان کی پارٹی کی شمولیت سے مسلم لیگ ن بہت مضبوط ہوجائے گی اور خیبر پختونخوا ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ ن کا قلعہ بنتا جا رہا ہے جبکہ آنے والے دنوں میں مزید شمولیتیں بھی ہونی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شاہ جی گل اور ان کا پورا خاندان پارلیمانی لوگ ہیں ان کی شمولیت سے پارلیمان وسیاسی کلب بھی مضبوط ہوگا۔ الحاج شاہ گل اور ان کی پوری پارٹی بڑے دل کے لوگ ہیں ملکر اسی صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے اب حقیقی معنوں میں کام کئے جائیں گے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button