قومی

مرزا محمد آفریدی سینیٹ آف پاکستان کے ڈپٹی چیئرمین منتخب

حکمران اتحاد کے امیدوار صادق سنجرانی کے بعد حکومتی اتحاد ہی کے مرزا محمد آفریدی پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے ڈپٹی چیئرمین منتخب ہو گئے۔

سینیٹ میں صادق سنجرانی نے چیئرمین منتخب ہونے کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کرایا جس میں حکومتی اتحاد کے مرزا محمد آفریدی اور اپوزیشن کے مولانا عبدالغفور حیدری مدمقابل تھے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں ایوان میں موجود 98 سینیٹرز نے ووٹ کاسٹ کیے۔

ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد چیئرمین سینیٹ نے نتائج کا اعلان کیا کہ مرزا محمد آفریدی 54 ووٹ لے کر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے جبکہ مدمقابل اپوزیشن اتحاد کے مولانا عبدالغفور حیدری 44 ووٹ لے سکے ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا اور یوں حکومتی امیدوار نے اپوزیشن امیدوار سے 10 ووٹ زیادہ لیے ہیں۔

قبل ازیں سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین کے انتخاب میں حکومتی اتحاد کے نامزدکردہ امیدوار صادق سنجرانی کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو شکست ہو گئی ہے۔

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں 99 میں سے 98 سینیٹرز نے ووٹ کاسٹ کیے جبکہ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا، 7 ووٹرز نے یوسف رضا گیلانی کے نام کے اوپر مہر لگائی جس کی وجہ سے یہ ووٹ مسترد ہوئے، ایک ووٹ اس لیے مسترد ہوا کیوں کہ دونوں امیدواروں کے آگے مہر لگائی گئی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button