قومی

گیلانی کو شکست، سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے

سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین کے انتخاب میں حکومتی اتحاد کے نامزدکردہ امیدوار صادق سنجرانی کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو شکست ہو گئی ہے۔

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں 99 میں سے 98 سینیٹرز نے ووٹ کاسٹ کیے جبکہ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا، 7 ووٹرز نے یوسف رضا گیلانی کے نام کے اوپر مہر لگائی جس کی وجہ سے یہ ووٹ مسترد ہوئے، ایک ووٹ اس لیے مسترد ہوا کیوں کہ دونوں امیدواروں کے آگے مہر لگائی گئی تھی۔

خیال رہے کہ یوسف رضا گیلانی کے مدمقابل حکومت کے نامزد کردہ صادق سنجرانی تھے۔  اس سے قبل 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے اپوزیشن کے امیدوار تھے اور ان کے مدمقابل حکومت کے عبدالحفیظ شیخ تھے۔

سینیٹ انتخاب میں یوسف رضا گیلانی نے عبدالحفیظ شیخ کو اپ سیٹ شکست دی تھی جس کے بعد پی ڈی ایم نے انہیں چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا تھا۔

سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار یوسف رضا گیلانی  سے پاکستان تحریک انصاف کے عبدالحفیظ شیخ کی شکست کے بعد وزیر اعظم  عمران خان نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا جس میں انہیں کامیابی ہوئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button