جرائم

پشاور: رات گئے پولیس پر دہشت گردوں کا حملہ، فائرنگ سے زخمی 2 اہلکار جاں بحق

پشاور کے علاقہ ریگی ماڈل ٹاؤن میں گزشتہ شب دہشتگردوں کا پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے دو اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

ایس پی ورسک ارشد خان کے مطابق رات گئے حملہ آور ریگی ماڈل ٹاؤن انٹری پر چیک پوسٹ کے قریب موجود قبرستان سے آئے اور پولیس کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ سے ڈیوٹی پر تعینات 4 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ 2 راستے میں دم توڑ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر بغیر کسی مزاحمت کے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ان کے مطابق حملے میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں میں ایک موبائل ڈرائیور فرمان اور ایک ہیڈ کانسٹیبل واجد شامل ہیں جن کو آج بروز جمعرات سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا جائے گا۔

ایس پی ملک ارشد نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ تاہم اس وقت ان کی تعداد کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

یاد رہے کہ پشاور میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ روز حیات آباد میں کار سوار خودکش حملہ آور نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا جس میں 8 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button