کھیل

پاکستان نے گال ٹیسٹ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو چار  وکٹوں سے شکست دے دی۔

سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 131 رنز کے ہدف کو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق 50 اور آغا سلمان 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کھیل کے آخری روز کا آغاز ہوا تو پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنائے ہوئے تھے جب کہ جیت کے لیے 83 رنز درکار تھے اور کریز پر امام الحق اور کپتان بابر اعظم موجود تھے۔ بابر 24 رنز بناکر برباتھ جے سوریا کا شکار بنے، بعدازاں سعود شکیل 30 اور سرفراز احمد ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔

چوتھا روز

131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی شروعات مایوس کن رہی، 16 رنز کے اسکور پر عبداللہ شفیق 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، پھر شان مسعود 7 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، نعمان علی صفر پر رن آؤٹ ہوگئے۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکا نے دوسری اننگز کا آغاز 14 رنز کی مجموعی اسکور سے کیا، کپتان ڈیموتھ کرونارتنے 20، کوشل مینڈس 18، اینجیلو میتھیوز 7، نیشان مدھشکا 52، دنیش چندیمل 28، سمارا وکرما 11 جب کہ رمیش مینڈس 42 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا 82 رنز کی اننگز کھیل کر شاہین آفریدی کے ہتھے چڑھے اور آؤٹ ہوگئے، پرباتھ جے سوریا 10 رنز اور کاسون راجیتھا 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ابرار احمد نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ آغا سلمان اور شاہین شاہ آفریدی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

تیسرا روز

گال ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز سے اننگز کا آغاز کیا۔ 278 کے مجموعی اسکور پر آغا سلمان 83 رنز بناکر پویلین لوٹے، انہوں نے سعود شکیل کے ساتھ مل کر 177 رنز کی شراکت داری کی اور پاکستان کو بہتر صورتحال میں پہنچایا۔

اس کے علاوہ نعمان علی 25، شاہین شاہ آفریدی 9، نسیم شاہ 6 اور ابرار احمد 10 رنز بناسکے جب کہ سعود شکیل 208 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5، پربھات جےسوریا نے 3 جب کہ وشوا فرنینڈو اور کسون راجیتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کھیل کا دوسرا روز

اس روز  سعود شکیل اور آغا سلمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو سری لنکا نے اسکور میں 70 رنز کا اضافہ کیا، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 312رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

دھننجایا ڈی سلوا نے شاندار اننگز کھیلی جنہوں نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 122رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی ، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین جب کہ آغا سلمان نے ایک وکٹ لی۔

کھیل کا پہلا روز

گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز اسکور کیے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر دھننجایا ڈی سلوا اور تجربہ کار کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، 2 مرتبہ بارش سے متاثر ہونے کے سبب پہلے روز 65 اعشاریہ 4 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔

کھیل کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔

دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔ گال میں کھیلا جانے والا یہ ٹیسٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ25 ۔2023 میں پاکستانی ٹیم کا پہلا ٹیسٹ ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button