کھیل

امریکہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ

پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کھلاڑیوں سے سفارتخانہ میں ایک تقریب میں ملاقات کی اور ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل ان کی حوصلہ افزائی کی۔

امریکی سفیر کی رہائشگاہ پر منعقد ہونے والے اس استقبالیہ میں سفیر بلوم نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کو  بھی خوش آمدید کہا اور امریکہ میں منعقد ہونے والی ٹی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر اسپورٹس ڈپلومیسی کا باہمی مظاہرہ کرتے ہوئے سفیر بلوم نے پاکستان ٹیم کے ارکان کو سفارتخانہ کی یادگاری کرکٹ بال اور دستخط شدہ سافٹ بال بیٹ پیش کیا جبکہ پاکستانی ٹیم نے بھی اُسی خیر سگالی کے جذبہ کے تحت سفیربلوم کو پاکستان کی سرکاری کرکٹ شرٹ اور ٹیم کا دستخط شدہ بلّا پیش کیا۔ اس موقع پر سفیر ڈونلڈ بلوم نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔

واضح رہے کہ رواں سال جون میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرتے ہوئے امریکہ ایک تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے۔ امریکہ اور پاکستان دونوں ایک ہی گروپ میں شامل کیے گئے ہیں اوردونوں ممالک چھ جون کو ایک دوسرے کے مدمقابل ہونگے۔ اس ٹورنامنٹ میں ریکارڈ 20 ٹیمیں حصہ لیں گی جو 2022 کے ایڈیشن میں 16 ٹیموں سے زیادہ ہیں۔

کرک انفو کی ویب سائٹ کے مطابق گروپ اے میں پاکستان، ہندوستان، آئرلیند، کینیڈا اور امریکہ شامل ہیں۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نمیبیا، اومان اور سکاٹ لینڈ شامل ہیں۔ گروپ سی میں افغانستان، نیوزی لینڈ، پاپوانیوگنی، یوگنڈا اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔ گروپ ڈی میں بنگلادیش، نیپال، نیدرلینڈ، جنوبی افریقا اور سری لنکا شامل ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button