جرائمکھیل

پشاور میں مقامی باکسر جہانزیب کو فائرنگ کرکے قتل کردیا

آفتاب مہمند

پشاور کے علاقے پھندو میں مقامی باکسر جہانزیب کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق دو ملزمان نے گھر کے باہر جہانزیب کو فائرنگ کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے جبکہ اس سے قبل مقتول نے گزشتہ دنوں ملزمان کے گھر پر فائرنگ کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گزشتہ شب اس وقت پیش آیا جب باکسر جہانزیب دو دوستوں کے ہمراہ نظر بوستان بابا روڈ پر زرین مسجد کے قریب موجود تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار مجاہد اور اسماعیل نامی ملزمان نے ان پر فائرنگ کھول دی جس کے نتیجے میں جہانزیب موقع پر جاں بحق جبکہ دو ساتھی زخمی ہوگئے جہیں فوری طور لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جہانزیب کے ہمراہ موجود زخمی ہونے والے دوستوں کے مطابق مقتول کا ملزم مجاہد کے ساتھ چند روز قبل زبانی تکرار ہوا تھا اور جہانزیب نے ان کے گھر پر فائرنگ کی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان میں سے ایک کا تعلق لنڈے بازار اور دوسرے کا دیر کالونی سے بتایا جارہا ہے۔

ادھر رابطہ کرنے پر باکسنگ ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے سیکرٹری کمال خان نے ٹی این این کو بتایا کہ جہانزیب سال 2 ہزار تیرہ، چودہ سے سپورٹس کے شعبے باکسنگ سے وابسطہ تھے، جہانزیب نے ایم ایم سی ہسپتال کے قریب رنگ سائیڈ نامی باکسنگ اکیڈمی میں تربیت لیا تھا جبکہ آج کل وہ وہاں فٹنس سیشنز میں مصروف تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں وہ خیبر پختونخوا باکسنگ ٹیم کا باقاعدہ حصہ رہے جبکہ سال 2019 میں نیشنل گیمز میں بھی حصہ لیا تھا۔ اسی طرح ایک مرتبہ خیبر پختونخوا کے سطح پر ہونے والے گیمز میں بھی بطور باکسر شرکت کی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button