قبائلی اضلاع

خیبر: احساس کفالت پروگرام کیش پوائنٹس پر کاروائی، 8 ریٹیلرز گرفتار

 

ضلع خیبرمیں احساس کفالت پروگرام کیش پوائنٹس پر کاروائی کے دوران رشوت کے الزام میں ریٹلیرز کے 8 افراد گرفتارکرلیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ خیبر نے احساس کفالت پروگرام کے مختلف کیش پوائنٹس کے دورے کئے اور حالات و انتظامات کا جائزہ لیا۔ کیش پوائنٹس پر عوام سے دھوکہ دہی، رشوت خوری وغیرہ کی شکایات بھی موصول ہوئی، جس پر فوراً عمل درآمد کرتے ہوئے ریٹلیرز کے8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

اس کے علاوہ کیش پوائنٹس پر کسی قسم کی کمی مثلاً پانی، ہینڈ سینٹائزر وغیرہ کی کمی کوفوراً دور کردیا گیا۔ اس کے علاوہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے کیش پوائنٹس سے متعلق خفیہ معلومات حاصل کرنے کا بھی بندوبست کیا ہے تاکہ بروقت کاروائی ممکن ہو سکے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے پشاور اور مردان میں بھی کاروائیوں کے دوران ری ٹیلرز کو گرفتار کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز پشاور میں انتظامیہ کی جانب سے دو مختلف کارروائیوں میں احساس کفالت پروگرام میں رقوم کی تقسیم کے وقت رقم بٹورنے پر 16 ری ٹیلرز گرفتار کئے گئے۔ نمائندہ ٹی این این کے مطابق ایک خاتون کی شکایت پر پشاور کے نواحی گاؤں ماشوخیل سکول میں احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت تقسیم کی جانے والی رقم میں فی فرد 200 روپے وصول کرنے والے الفلاح کمپنی کے ڈیوائس آپریٹر کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔

انچارج چوکی شہاب خیل امتیاز خان اور اسسٹنٹ کمشنر کے علاوہ آرمی کے اہلکاروں نے بھی کارروائی میں حصہ لیا،  گرفتار شدہ الفلاح ڈیوائس آپریٹر سمیت تمام افراد کو اسسٹنٹ کمشنر کے حوالہ کردیا گیا۔

دوسری جانب مردان میں بھی احساس ایمرجنسی ریلیف پیکج پروگرام میں معصوم لوگوں سے دھوکہ دہی اور فریب سے رقم بٹورنے والے 6 نوسربازوں کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضہ سے موبائل فونز اور لوٹی گئی رقم بھی برآمد کی گئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button