کھیل

دورہ انگلینڈ کے لیے سکواڈ میں شامل تین کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ آل راؤنڈر شاداب خان، حیدر علی اور حارث رؤف کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ بورڈ کے مطابق متاثرہ کھلاڑیوں کا ٹیسٹ اتوار کو ہوا تھا اور ٹیسٹنگ سے قبل تینوں کھلاڑیوں میں کورونا کی کوئی علامات نہیں پائی گئی تھیں۔

تینوں کھلاڑیوں کو فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ بورڈ نے بتایا کہ پی سی بی کا میڈیکل پینل اس سلسلے میں تینوں کھلاڑیوں سے مکمل رابطے میں ہے۔

خیال رہے کہ تینوں کرکٹرز دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے سکواڈ میں شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ عثمان شنواری اور عماد وسیم کا ٹیسٹ منفی آیا ہے جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو 24 جون کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقار یونس سمیت سکواڈ میں شامل دیگر تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ مکمل کرلیے گئے ہیں۔ سکواڈ میں شامل ان اراکین کے ٹیسٹ چار مختلف شہروں، راولپنڈی، لاہور، کراچی اور پشاور میں لیے گئے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔ سیریز اگست اور ستمبر میں شیڈول ہے۔ ‏ دورے کیلئے 29 کھلاڑیوں اور 14 رکنی ٹیم منیجمنٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ کووڈ 19 کی وجہ سے سکواڈ ایک ساتھ جائے گا اور موجودہ صورتحال کی وجہ سے سکواڈ بڑا رکھا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button