کھیل

کورونا وائرس، کراچی میں پاک بنگلہ سیریز کے میچز کا انعقاد بھی خطرے میں

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کراچی میں بغیر تماشائیوں کے کرانے کے بعد کراچی میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچز کا انعقاد بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سی ای او وسیم خان کے مطابق تمام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچز کا فیصلہ آئندہ 24 گھنٹوں میں کیا جائے گا، دوسری جانب پی سی بی ون ڈے کپ کے میچز بھی کراچی سے کسی دوسرے شہر منتقل کئے جا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ون ڈے یکم اپریل اور ٹیسٹ 5 اپریل سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈولڈ ہے تاہم کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر ان میچز کا انعقاد کراچی میں مشکل نظر آرہا ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ عوام کی زندگی اولین ترجیح ہے، سندھ حکومت نے پی سی بی کو اپنے فیصلہ سے آگاہ کیا کہ پی ایس ایل کے کراچی میں شیڈولڈ میچز بغیر تماشائیوں کے کرائے جائیں، سندھ حکومت کے فیصلہ کو تسلیم کرتے ہوئے ہم نے میچز بغیر تماشائی کرانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ون ڈے کپ کے میچز بھی 25 مارچ سے کراچی میں ہورہے ہیں ممکن ہے کہ اس حوالے سے بھی کوئی فیصلہ کیا جائے۔یاد رہے کہ بنگلادیشی ٹیم کو دورہ پاکستان کے تیسرے مرحلے میں 29 مارچ کو کراچی پہنچنا ہے، جہاں یکم اپریل کو واحد ون ڈے شیڈول ہے جبکہ ٹیسٹ میچ 5 اپریل سے شروع ہوگا۔

بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہاکہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، پاکستان کے دورے کا جلد ہی جائزہ لیں گے، ہم قدم درقدم آگے بڑھیں گے اور اس معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔دوسری جانب کراچی میں کورونا وائرس کیسزکی وجہ سے پی سی بی سندھ حکومت سے بنگلادیشی ٹیم کے ٹور پر بھی رابطے میں ہے، پی ایس ایل میچز کے بعد اس معاملے کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق شہر قائد میں شیڈول آئندہ میچز کے سلسلے میں 17مارچ کے بعدکسی بھی وقت باقاعدہ اجلاس متوقع ہے، جس میں پاکستان ون ڈے کپ اور بنگلادیش کے ساتھ ایک ون ڈے اور ٹیسٹ میچ کی میزبانی برقرار رکھنے، منسوخ کرنے یا کسی اور شہر منتقل کرنے کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے پیش نظر پی ایس ایل میں شامل بعض غیرملکی کھلاڑیوں نے واپس جانے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ پی سی بی نے بھی کھلاڑیوں کو اپنے اپنے وطن واپس جانے کی اجازت دے دی ہے۔

واپس جانے والے کھلاڑیوں میں لیام لیونگسٹن، بریتھویٹ، لیام ڈاوسن، الیکس ہیلز، ٹام بینٹن، لیوئس گریگری، جیمز ونس اورریلی روسوبھی شامل ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button