سیاست

نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے خصوصی طیارہ بک کرالیا گیا

 

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا وطن واپسی کے لیے سفر آج سے شروع ہوگا۔ نواز شریف لندن سے پہلے سعودی عرب پہنچیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے دبئی سے اسپیشل طیارہ بُک کرائے جانے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف جس خصوصی پرواز سے پاکستان پہنچیں گے اسے ’امید پاکستان‘ کا نام دیا جائے گا اور اس اسپیشل فلائٹ میں تقریباً 150 افراد کی گنجائش ہوگی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف عمرے کی ادائیگی کیلئے آج لندن سے سعودی عرب روانہ ہوں گے جہاں تقریباً ایک ہفتہ قیام کے دوران وہ سعودی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے 17 یا 18 اکتوبر کو دبئی پہنچیں گے۔ وہاں بھی ان کی کئی ملاقاتیں طے ہیں۔ وہ دبئی میں 3 دن قیام کے بعد 21 اکتوبر کو لاہور کیلئے روانہ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان جانے کیلئے دبئی سے ن لیگ کے کارکنوں اور صحافیوں کے ساتھ روانہ ہوں گے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی خصوصی پرواز دبئی سے اسلام آباد پہنچ کر آدھے گھنٹے بعد لاہور کیلئے اڑان بھرے گی جہاں سابق وزیراعظم مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔

نواز شریف کی واپسی پر ان کے خلاف ممکنہ قانونی کارروائی سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کی واپسی پر گرفتاری کا کوئی چانس نہیں، پروٹیکٹڈ کسٹڈی اور ٹرانزٹ ضمانت لیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button