سیاست

وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے

جمعیت علماء اسلام سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور  اسلام آباد میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق مفتی عبدالشکور میریٹ سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے کہ ہائی لکس ریوو (جس میں 5 افراد سوار تھے) نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری۔

پولیس نے بتایا کہ مفتی عبدالشکور کو زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی اور اس میں سوار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما و وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 51 سے متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے۔

ادھر جمعیت علمائے اسلام کے سرابرہ مولانا فضل الرحمان نے مفتی عبدالشکور کی وفات کو جماعت، ذاتی زندگی اور علاقے کے لئت بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی جماعتی، سماجی، تدریسی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے تعزیتی بیان میں کہا کہ مفتی عبدالشکور دوریش صفت انسان تھے اور گزشتہ روز ہی قومی اسمبلی میں انہوں نے علاقے میں امن و امان کے لئے آواز بلند کی تھی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی نماز جنازہ کل بروز اتوار ادا کی جائے گی۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق مفتی عبدالشکور کی نماز جنازہ کل 2 بجے تاجبی خیل لکی مروت میں ادا کی جائے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button