قومی

پاکستان میں سورج گرہن، بعض علاقوں میں تاریکی پھیلے گی

پاکستان سمیت مختلف ممالک میں آج بروز اتوار سورج گرہن کا مشاہدہ کیا جاسکے گا جس کا دورانیہ 2 سے 3 گھنٹے ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سورج گرہن پاکستان، چین، شمالی بھارت اور افریقہ کے کچھ حصوں میں دیکھا جا سکے گا۔

محکمہ کے مطابق سورج گرہن صبح 8 بج کر 46 منٹ پر شروع اور دوپہر 2 بج کر 34 منٹ پر ختم ہوگا جبکہ 11 بج کر 40 منٹ پر یہ اپنے عروج پر ہوگا۔

سندھ کے شہر سکھر میں صبح 11 بج کر 7 منٹ پر سورج تقریباً 98.78 فیصد چھپ جائے گا جبکہ گوادر میں صبح 10 بج 48 منٹ پر سورج 97.8 فیصد چھپا ہوا دکھائی دے گا اور اس وقت ان علاقوں میں شام کا سا سماں ہوگا۔

سورج گرہن کو کن علاقوں میں کس وقت دیکھا جاسکے گا اور نقطہ عروج کس وقت ہوگا یہ تفصیل مندرجہ ذیل ہے:

  • اسلام آباد:صبح 9 بج کر 50 منٹ سے دوپہر ایک بج کر 36 منٹ (نقطہ عروج 11 بج کر 25 منٹ)
  • کراچی:صبح 9 بج کر 26 منٹ سے دوپہر 12 بج کر 46 منٹ (نقطہ عروج 10 بج کر 59 منٹ)
  • لاہور:صبح 9 بج کر 50 منٹ سے دوپہر 12 بج کر 36 منٹ (نقطہ عروج 11 بج کر 25 منٹ)
  • پشاور:صبح 9 بج کر 48 منٹ سے دوپہر ایک بج کر 2 منٹ (نقطہ عروج 11 بج کر 21 منٹ)
  • کوئٹہ:صبح 9 بج کر 35 منٹ سے دوپہر 12 بج کر 49 منٹ (نقطہ عروج 11 بج کر 6 منٹ)
  • گلت بلتستان:صبح 9 بج کر 56 منٹ سے دوپہر ایک بج کر 8 منٹ (نقطہ عروج 11 بج کر 30 منٹ)
  • آزاد کشمیر:صبح 9 بج کر 26 منٹ سے دوپہر ایک بج کر 7 منٹ (نقطہ عروج 11 بج کر 26 منٹ)

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے عوام کو براہِ راست آنکھ سے سورج گرہن دیکھنے پر متنبہ کیا ہے کیوں کہ اس سے آنکھوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ اگر آپ آنکھ سے سورج گرہن دیکھیں گے تو اس سے ’آپ کی آنکھوں کو سخت نقصان پہنچ سکتا ہے اور آپ نابینا بھی ہوسکتے ہیں، اس لیے خاص قسم کے چشمے (ایکلپس گلاسز) یا سورج کے فلٹر سے جزوی سورج گرہن دیکھا جاسکتا ہے اور اس سلسلے میں دھوپ کے چشمے (سن گلاسز) کارآمد نہیں ہیں‘۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button