قومی

آل پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے تعلیمی اداروں کو مزید بند رکھنے کے فیصلے کو مسترد کردیا

آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے 15 جولائی تک تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے وفاقی حکومتی فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔  آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کامعاشی قتل عام کیا جارہا ہے، اساتذہ کی تنخواہیں فِکس اور ملک بھرمیں 90 فیصد سکول کی عمارتیں کرائے پر ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت ایس اوپیز (میعاری ضابطہ کار) جاری کرے اوریکم جون سے ملک بھرمیں سکول کھولنے کااعلان کرے، بصورت دیگر ہم  اپنے ایس او پیز کے تحت سکولز کھولنے پر مجبور ہوں گے۔ کاشف مرزا نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نجی سکولوں کے لیے ’تعلیمی ریلیف پیکج‘ کااعلان کریں۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 26 مارچ  کو ملک بھر میں تعلیمی ادارے  31 مئی تک بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تمام تعلمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ سکول ،کالج اور جامعات  سمیت تمام تعلمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے۔ شفقت محمود کا کہنا ہے کہ بورڈ کے امتحانات نہیں ہوں گے، پچھلے امتحانات کی بنیاد پر ہی طلبہ و طالبات کو پروموٹ کیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button