لائف سٹائل

خیبر پختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع، رمضان المبارک میں موسم خوشگوار

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور اس کے گرد و نواح میں تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں گزشتہ روز سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے باعث شہری خوشی سے باہر نکل آئے اور ابر باراں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

بارش سے موسم میں خنکی بھی آگئی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جب کہ سیاہ بادل چھا گئے اور موسم سہانا ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور کے ساتھ ساتھ صوبے کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم جزوی ابر الود رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال بالائی و زریں ،دیر ،ملاکنڈ ، سوات ،بونیر ، شانگلہ کوہستان ، ایبٹ آباد کہیں تیز ہواؤں اور کہیں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح اورکزئی، کرم ، کرک، ہنگو ،لکی ، شمالی و جنوبی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان ، ٹانک میں بھی گرچ چمک کے ساتھ و تیز ہوا کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب  پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کیلئے مراسلہ جاری کردیا۔

مراسلے کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ بدھ کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ چھوٹی اور بھاری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنائے جبکہ دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ میں طغیانی کا خدشہ ہے ، برساتی نالوں کی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button