کرم، سرحد کے قریب جھڑپ میں کیپٹن سمیت 2 اہلکار شہید 3 زخمی
وسطی کرم میں اورکزئی سرحد کے قریب جھڑپ میں فرنٹیئر کور کے کیپٹن باسط علی اور ایک سپاہی جاں بحق جبکہ تین اہلکار زخمی ہو گئے۔
زرائع کے مطابق وسطی کرم کے علاقے زاوہ میں سرچ آپریشن کے دوران فرنٹیئر کور کے کیپٹن باسط علی اور ایک سپاہی شہید ہو گئے جبکہ تین اہلکار زخمی ہو گئے جس کے بعد علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
دو ہفتے قبل وسطی کرم سے ٹاور نصب کرنے والے پانچ مزدوروں کو دو ہفتے قبل اغوا کیا گیا تھا، کل جن میں سے ایک مزدور کی لاش ملنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا تھا جس کے دوران شدت پسندوں نے فورسز پر حملہ کر دیا۔
خیال رہے کہ وسطی کرم کے علاقے بدامنی کے دوران حب کے طور پر استعمال ہو رہے تھے جو کہ فورسز کے آپریشن کے بعد کلیئر قرار دیے گئے تھے تاہم اب دوبارہ ان علاقوں میں شدت پسندوں نے اپنی کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب آج ہی شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے گاؤں حسوخیل اور ہرمز کے درمیان ٹاٹر آباد کے علاقے میں مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں نامعلوم ملزمان نے قلفی ملائی بیچنے والے کو قتل کر دیا۔