خیبر پختونخوا

شانگلہ، طوفانی بارشیں، درجن سے زائد گاڑیاں دریابرد

شانگلہ میں بھی مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، آسمانی بجلی گرنے سے بیلے بابا کے قریب ہوٹل مکمل طور پر تباہ ہو گیا، نصف درجن سے زائد گاڑیاں دریا برد ہو گئیں۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق دریائے خان خوڑ میں طغیانی اور پانی کے بہاؤ میں اضافے کی وجہ سے یونین کونسل رانیال، یونین کونسل کوڑمنگ کی ساٹھ ہزار آبادی کا زمینی رابطہ دیگر علاقوں سے کٹ کر رہ گیا جبکہ مختلف یونین کونسلوں میں ایک درجن سے زائد کچے مکانات کی چھتیں گر گئیں۔

پہاڑی علاقوں میں کچی رابطہ سڑکیں سیلابی پانی میں بہہ گئیں، بشام خوازہ خیلہ روڈ پر جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو کر رہ گئی۔

ڈپٹی کمشنر شانگلہ حامد الرحمان نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

مقامی لوگوں نے حکومت سے اپیل کی کہ شانگلہ کو آفت زدہ قرار دیا جائے کیونکہ سیلاب کی وجہ سے دیگر نقصانات کے ساتھ ساتھ بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے اور کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button