خیبر پختونخوا

بہاولپور کا قلفی فروش شمالی وزیرستان میں قتل

شمالی وزیرستان: تحصیل میرعلی کے گاؤں حسوخیل اور ہرمز کے درمیان ٹاٹر آباد کے علاقے میں مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں نامعلوم ملزمان نے قلفی ملائی بیچنے والے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

زرائع کے مطابق مقتول کی شناخت محمد شبیر کے نام سے ہوئی جس کا تعلق مشرقی ضلع بہاولپور تحصیل و ڈاکخانہ جانولہ احمد پور سے بتایا جاتا ہے۔

وقوعہ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ڈیڈ باڈی کو پوسٹ مارٹم کے لئے میرعلی ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔

دوسری جانب مردان کی تحصیل کاٹلنگ کے علاقے کٹی گڑھی میں دو فریقین کے درمیان فائرنگ سے ایک فریق سے ایک خاتون جبکہ دوسرے فریق سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 خواتین سمیت 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو 1122 ایمبولینسیں اور میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ایم ایم سی منتقل کر دیا جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

واقعے میں ظفر اقبال ولد گل شیر اور دختر سرتاج گل جاں بحق جبکہ زخمیوں میں فیصل ولد سرتاج گل، دختر سرتاج گل، گل شیر، فیصل ولد گل شیر، زوجہ گل شیر اور زوجہ ظفر اقبال شامل ہیں۔

مقامی زرائع نے وجہ عناد کے متعلق بتایا کہ چند دن پہلے ایک فریق نے ایک آوارہ کتے کو فائرنگ کر کے مار دیا تھا جس پر دوسرے فریق نے زبانی تکرار کی، اور آج منگل کی صبح ایک دوسرے پر فائرنگ کی گئی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کی 2 تاریخ کو صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی کتوں کی لڑائی پر تکرار کے بعد فریقین کے مابین فائرنگ تبادلہ میں ایلیٹ فورس کے اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button