شمالی وزیرستان میں این جی او کی گاڑی پر فائرنگ، چار خواتین جاں بحق
شمالی وزیرستان میں غیر سرکاری تنظیم کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق میرعلی کے گاؤں ایپی میں این جی اوز کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس میں چار خواتین جاں بحق ہوگئیں اور گاڑی کا ڈرائیور کا زخمی ہوگیا۔
خواتین کی لاشیں اور زخمی ڈرائیور کو ٹی ایچ کیو ہسپتال میرعلی منتقل کردیا گیا، جاں بحق خواتین کا تعلق بنوں سے ہے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔
ڈسٹرکٹ پولیس افیسر شمالی وزیرستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان خواتین کا تعلق سباوون این جی او سے تھا، جاں بحق خواتین میں ناہید بی بی، ارشاد بی بی، عائشہ بی بی اور جویریہ بی بی شامل ہیں، جو خواتین کو سلائی کڑھائی کا کام سکھاتی تھیں جبکہ ایک خاتون مریم بی بی ایپی گاؤں میں کسی کے گھر داخل ہوگئیں تھی جس کی وجہ سے وہ بچ گئی۔ دوسری جانب سباوون این جی او کے کوآرڈینیٹر نے کہا ہے کہ جاں بحق خواتین کا سباوون این جی او سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یاد رہے گزشتہ شب شمالی وزیرستان کے تحصیل شیواہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 8 افراد لاپتہ ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ شب گاؤں ٹنڈی میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ناکہ بندی کی تھی اور اس دوران ایک گاڑی پرفائرنگ کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ فائرنگ کے بعد 8 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ لاپتہ افراد میں لوکل گورنمنٹ کا ایک آفیسر ،ایک وکیل، ایک انجنئیر، اور ایک محکمہ ہیلتھ اہلکار بھی شامل ہیں، باقی مغویوں میں مقامی اور غیر مقامی افراد شامل ہیں۔
دوسری جانب ایس پی انویسٹیگیشن عقیق حسین کا کہنا ہے کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے، مغوی افراد کی بازیابی کیلئے پولیس ایف سی مشترکہ سرچ اپریشن میں مصروف ہے۔
واضح رہے چند روز قبل شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ آپریشن دہشتگردوں کی مصدقہ موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، آپریشن میں علیم خان خوشالی گروپ کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔