لنڈی کوتل میں کھیلوں کے مختلف منصوبوں پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔ ولسن وزیر
پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت دیگر ضم شدہ اضلاع سمیت قبائلی ضلع خیبر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مصروف عمل ہے، اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے ولسن وزیر نے پراجیکٹ ڈائریکٹر سپورٹس مراد علی مہمند, ڈپٹی ڈائریکٹر, اسسٹنٹ ڈائریکٹر, اور ڈسٹرکٹ سپورٹس منیجر راحد گل ملاگوری اور معراج الدین شنواری خیبر سپورٹس ویلفیئر کے ہمراہ لنڈی کوتل کا دورہ کیا اور مختلف جگہوں کا معائنہ کیا۔
ٹی این این کے ساتھ گفتگو میں ایم پی اے ولسن وزیر کا کہنا تھا کہ دورے کا مقصد فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنا ہے، منصوبے میں کرکٹ گراؤنڈ اور فٹبال گراؤنڈ کے علاوہ باسکٹ بال، والی بال، فی میل کیلئے انڈور گیمز اور سکواش وغیرہ شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہائی سکول گراؤنڈ، تاتارا گراؤنڈ، کرسٹل کالونی، لنڈی کوتل سکول، حمزہ بابا مزار، پسد خیل اور دلخاد کا دورہ کیا اور مختلف مقامات کا جائزہ لیا گیا کہ کون سی جگہ کون سے کھیل کیلئے موزوں ہے۔
ایم پی اے ویلسن وزیر نے کہا کہ بہت جلد ان منصوبوں کے حوالے سے فزیبلٹی رپورٹ اور پی سی ون تیار کریں گے اور اگلے دو تین ماہ میں اس پر کام شروع ہو جائے گا کیونکہ وزیراعلیٰ پہلے سے ہی ان منصوبوں کی منظوری دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ قبائلی اضلاع میں کھیلوں کو فروغ دیا جائے اور گزشتہ کئی سالوں بدامنی کے شکار قبائلی عوام کو صحتمندانہ ماحول مہیا کیا جائے۔