ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ کے قریب امن میلہ چیک پوسٹ سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے والی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس پر خوارج نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 2 ریسکیو اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کے میڈیا کوآرڈینیٹر کے مطابق حملے میں امتیاز اور شریف نامی 2 اہلکار شہید ہوئے جبکہ انیس نامی اہلکار زخمی ہوا۔
یہ بھی پڑھیے: ڈیرہ اسماعیل خان کی امن میلہ چیک پوسٹ پر مبینہ دھماکا، 11 افراد شہید، 30 زخمی
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں خوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی جاری ہے۔
زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں امن میلہ چیک پوسٹ کے قریب مبینہ خودکش حملے میں بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 2 سالہ بچے اور 2 خواتین سمیت 12 افراد شہید جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے: مولانا فضل الرحمان یقیناً ہماری پَیچ پر آئیں گے، انہیں خوش آمدید کہیں گے: سہیل آفریدی
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا ڈی آئی خان، کوئٹہ روڈ پر انسداد اسمگلنگ امن میلہ پولیس چیک پوسٹ پر ہوا، جہاں بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہدا میں پولیس اور کسٹمز اہلکاروں کے علاوہ شہری بھی شامل ہیں، جبکہ دھماکے میں کسٹمز، پولیس اہلکاروں اور شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث شہدا کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
