وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان یقیناً ہماری پَیچ پر آئیں گے اور انہیں خوش آمدید کہیں گے۔

 

بیوروچیفس کے ساتھ ملاقات کے دوران سہیل آفریدی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہماری پَیچ پر آئیں گے، احتجاج کے لیے ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کو موخر کرنا ایک حکمت عملی کے تحت کیا گیا تھا، اب تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب سے آیا ہوں، نو ماہ تک سب کچھ دیکھا، عدالتوں سے رجوع کیا اور ہر طرف گیا، لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔

 

یہ بھی پڑھیے: نقیب اللہ قتل کیس، سابق ایس ایچ او سمیت 7 ملزمان بری

 

 میرا صرف یہ مطالبہ تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا علاج ان کی بہنوں کی موجودگی میں ہونا چاہیے اور ان کے اپنے ڈاکٹروں کی ٹیم کے ساتھ شفا ہسپتال میں علاج کیا جائے۔

 

سہیل آفریدی نے کہا کہ نو ماہ تک مسلسل ہماری کوئی بات نہیں سنی گئی۔ ہماری اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان لڑائی سے فائدہ ان لوگوں کو ہو رہا ہے جو ہم پر مسلط ہیں۔ یہ صرف دیکھ رہے ہیں کہ ہم لڑیں اور وہ مزے کریں۔

 

انہوں نے کہا کہ اب ہمارے ساتھ رابطے کیے جا رہے ہیں کہ احتجاج ملتوی کریں۔ نو ماہ تک آپ لوگوں نے کچھ نہیں کیا، اب کیا کریں گے؟ اب بھی آپ کے پاس سات دن ہیں۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر ایک بار ہم نکلے تو پھر واپسی نہیں ہوگی۔ 4 اکتوبر کو جب روانہ ہوں گے تو اپنے مقاصد حاصل کرنے تک واپس نہیں آئیں گے۔