ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے مقتولہ کے باپ اور بھائی سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

 

ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔

 

یہ بھی پڑھیے: ٹیکسلا: ٹک ٹاکر عائشہ گیلامنہ قتل کیس میں اہم پیش رفت

 

انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے قتل کے بعد قانون کو گمراہ کرنے کے لیے واقعے کو مختلف رنگ دینے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے شواہد اور تفتیش کی مدد سے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

 

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ شمسو بی بی کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، جبکہ مقتولہ کے ٹک ٹاک پر سرگرم ہونے کو خاندان کے افراد پسند نہیں کرتے تھے۔

 

یہ بھی پڑھیے: سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری، آج فی تولہ کتنے روپے مہنگا ہوا؟

 

انہوں نے بتایا کہ مقدمے کا مدعی مقتولہ کا والد تھا جس نے 2 افراد کو نامزد کیا، تاہم تفتیش کے دوران والد کا کردار بھی سامنے آیا اور اب وہ خود اس مقدمے میں ملزم ہے۔ ان کے مطابق مقدمے کے مدعی نے قتل کا اعتراف بھی کیا ہے۔

 

پولیس نے واقعے میں زخمی ہونے والی مقتولہ کی بہن سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور قتل کے دیگر محرکات اور واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے لائی جارہی ہیں۔