صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 12 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق زیادہ تر حادثات گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے یا سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے باعث پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 مرد، 5 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 8 مرد، 2 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: تیزاب حملے کی صورت میں ابتدائی طبی امداد کے طور پر سب سے پہلے کیا اقدامات کرنے چاہئیں؟
بارشوں سے مجموعی طور پر 14 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 13 گھروں کو جزوی جبکہ ایک گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔
یہ حادثات پشاور، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، لوئر چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر اور کرم میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے، متاثرین کو فوری امدادی سامان اور ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر میں سیلابی ریلے میں افغانستان واپس جانے والے خاندان کی ویگن بہہ گئی، 3 افراد جاں بحق
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم 23 جولائی تک وقفے وقفے سے تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ اسی سلسلے میں تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کیا جا چکا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری الرٹس اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔
