ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں طوفانی بارش اور اچانک آنے والے سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ابتدائی سرکاری رپورٹ کے مطابق افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے۔

 

 جاں بحق افراد میں ایک خاتون، ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہیں۔ سیلابی ریلوں سے متعدد گھروں، گاڑیوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

 

سرکاری ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان افغانستان واپس جا رہا تھا کہ ان کی ویگن سلطان خیل فرش کے مقام پر سیلابی ریلے کی زد میں آ کر بہہ گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: بارشوں سے مختلف حادثات، رستم میں 2 بچے جاں بحق، لنڈی کوتل میں گاڑیاں بہہ گئیں

 

ریسکیو 1122 خیبر کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ غوطہ خوروں اور مقامی رضاکاروں کی مشترکہ کوششوں سے خاتون اور مرد کی لاشیں جبہ ڈیم کے قریب جبکہ بچے کی لاش ماماجی کلی کے قریب سے برآمد کی گئی۔ ضروری قانونی کارروائی کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔

 

دوسری جانب سیلابی ریلوں کے باعث 9 افراد زخمی ہوئے، جن کا تعلق خوگہ خیل، فاطمی خیل، شیخ مل خیل اور پیروخیل سے ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لنڈی کوتل منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

 

ہسپتال ذرائع اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ابتدائی علاج کے بعد انہیں ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

 

شدید بارش کے باعث لنڈی کوتل کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں نے سڑکوں، رہائشی علاقوں اور زرعی زمینوں کو بھی متاثر کیا، جبکہ متعدد گھروں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور نقصانات کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں۔