پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں قتل، اقدامِ قتل، پولیس پر حملوں، ڈکیتی، راہزنی، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم کے 25 مقدمات میں مطلوب ملزم عظمت عرف عظمتے ولد ہدایت اللہ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔

 

پولیس کے مطابق ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ موجود تھا۔ پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان نے مبینہ طور پر فائرنگ کی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم عظمت عرف عظمتے ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: مالاکنڈ ڈویژن سے متعلق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کون سے اہم فیصلے کیے؟

 

پولیس کے مطابق ملزم پشاور کے مختلف تھانوں کے علاوہ ضلع نوشہرہ اور ضلع بنوں میں درج 25 مقدمات میں مطلوب تھا۔ ان مقدمات میں قتل، اقدامِ قتل، پولیس پر حملوں، ڈکیتی، راہزنی، منشیات فروشی، ناجائز اسلحہ رکھنے اور دیگر جرائم شامل ہیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ پشتخرہ، سربند، خزانہ، ماڑی، اکبرپورہ، پبی اور ضلع بنوں کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج تھے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: خاتون اور 9 ماہ کے بچے کے قتل میں مطلوب ملزم سکندر عرف لمبا پولیس مقابلے میں ہلاک

 

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی پشاور کے علاقے متنی میں ماں اور اس کے 9 ماہ کے شیرخوار بچے کے قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم سکندر عرف لمبا پولیس کے مطابق ایک مقابلے کے دوران اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا۔