خیبر پختونخوا حکومت کا عالمی یوم سیاحت خانپور ڈیم پر منانے کا اعلان
پاکستان سمیت دنیا بھر میں سیاحت کا عالمی دن کل (27 ستمبر) اتوار کو منایا جائے گا۔
اس دن کے منانے کا مقصدسیاحت کی سماجی، ثقافتی اور معاشی اہمیت سے عوام کو آگاہ کرنا ہے جس کے لئے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ اور سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز، واکس اور مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا اور سیاحت کے فروغ اور اہمیت کے پر روشنی ڈالی جائے گی۔
سیاحت کا عالمی دن ہر برس 27 ستمبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جاتا ہے جو قدرتی حسن کی دولت سے مالا مال ہے۔ پاکستان کے شمالی علاقہ جات، گلگت بلتستان کے علاقوں کا دیومالائی حسن، صدیوں پرانی تہذیب کے آثار، ہڑپہ، گندھارا تہذیب، ملتان کی ثقافت اور صوفی ازم بھی سیاحوں کی دلچسپی کے مراکز ہیں لیکن حکومتی عدم دلچسپیوں، معاشی بدحالی اور دیگر عوامل کے باعث ٹور ازم انڈسٹری ابتر صورتحال کا شکار ہے جس کیلئے حکومتی توجہ اور بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
”سیاحت کے بدلے قبائلی روایات کا سودا نامنظور”
خیبر پختونخوا میں سیاحت کے لئے ایس او پیز جاری
بونیر کے سیاحتی مقامات تک سڑکیں چندوں سے بننے لگیں
خیبر پختونخوا کی جنت نظیر وادیوں اور سیاحوں کے مابین بڑی رکاوٹ کیا ہے؟
خیال رہے کہ حالیہ کورونا وباء کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں جہاں دیگر شعبہ ہائے زندگی متاثر ہوئے وہیں سیاحتی شعبے کو بھی مجموعی طور پر اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا، کورونا سے خیبر پختونخوا کی سیاحت کو پہنچنے والے خسارے کا تخمینہ 53 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
محکمہ سیاحت کا صوبہ بھر میں سیاحتی سرگرمیاں منعقد کرنے کا فیصلہ
محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا نے بھی 27 ستمبر 2020 کو عالمی یوم سیاحت خانپور ڈیم پر منانے کا اعلان کیا ہے، خیبر پختونخوا کلچرل اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام عالمی یوم سیاحت کی مرکزی تقریب خانپور ڈیم کے سیاحتی مقام پرمنعقد ہو گی جس میں فیمیلز کونہ صرف سیاحتی مقام کی سیر کرنے کا موقع ملے گا بلکہ ساتھ ہی ساتھ مختلف ایڈونچر سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔
اس کے علاوہ محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم اور امور نوجوانان کے زیراہتمام صوبے کے دیگر سیاحتی مقامات پر بھی عالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی یوم سیاحت پر فیمیلز خانپور کے مقام پر کشتی رانی، زیپ لائننگ، ایئرگن شوٹنگ، لیک سوئمنگ، ویک ٹیوبنگ، جیٹ سکی رائیڈ کے علاوہ ایئر بیلون شو، آرسی جہاز شو، بچوں کیلئے میجک شو، روایتی کھانوں اور روایتی موسیقی سے بھی خوب محظوظ ہونے کا موقع ملے گا۔
اس کے علاوہ عالمی یوم سیاحت کے حوالے سے ملاکنڈ ڈویژن میں سیدو شریف سوات میں اکتوبر کے دوسرے ہفتے میںسوات ایئر فیسٹیول منایا جائے گا جو کہ سوات کی تاریخ میں پہلی بار بڑا ایئر شو ہو گا جس میں پیراگلائیڈنگ، ہینگ گلائیڈنگ، پیراموٹر فلائنگ، ٹرائیک فلائنگ، الٹرالائٹ فلائنگ، مائیکرو لایٹ فلائنگ، ڈرون فلائنگ اور ایئروماڈلنگ شو شامل ہے۔
ہزارہ ڈویژن میں عالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے ‘رنگ دے گلیات’ شامل ہے جس میں پینٹنگ، بون فائر، لائیو موسیقی، لائیو باربی کیو اور مختلف روایتی کھانے شامل ہیں۔
محکمہ سیاحت نے شہریوں کی تفریح کیساتھ ساتھ دیگر اقدامات بھی کئے ہیں جن میں کائیٹ پراجیکٹ کے تحت آثارقدیمہ کے مقامات کی نشاندہی اور سیاحوں کی آگاہی کیلئے 10 ڈسٹرکٹ میں 540 سائن بورڈز کی تنصیب کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط 83 سائن بورڈ کی مردان میں تنصیب، تخت بھائی کے مقام پر 20 معلوماتی سائن بورڈ کی تنصیب کا پروگرام رواں دواں، تین مختلف مقامات میں کوڑا کرکٹ اور کچرا ٹھکانے لگانے کیلئے مشینری کی تنصیب، صوبے کے پانچ سیاحتی مقامات گلیات، ٹھنڈیانی، شوگران، کمراٹ اور کیلاش میں ریسکیو 1122 سٹیشن قائم کرنے اور ایمرجنسی آلات کی خریداری کیلئے پروکیورمنٹ اور اقدامات شامل ہیں۔
ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز اور کائیٹ پراجیکٹ کے تعاون سے سوات، ایبٹ آباد، نتھیاگلی، ناران، مانسہرہ اور پشاور میں سیاحت کے شعبے سے منسلک پبلک سیکٹر اداروں اور پرائیویٹ سٹیک ہولڈرز کے 700 سے زائد شرکاء کو سیاحتی مقامات میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ایس اوپیز پر عمل درآمد اور سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
اسی طرح محکمہ امور نوجوانان کے زیراہتمام ایگل کیمپ 2020 پرواز جنون کے نام سے پانچ روزہ کیمپ کاکالام کے سیاحتی مقام پر انعقاد کیا گیا جس کی اختتامی تقریب 27 ستمبر کو منعقد ہو گی جس میں 100 طلبہ و طالبات نے ملک بھر سے حصہ لیا، اس کیمپ کا مقصد وادی سوات کے تاریخی مقامات کی رونمائی اور ان سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔
ڈائریکٹریٹ آف آرکیالوجی اور میوزیم کے زیراہتمام عالمی یوم سیاحت پرسکول و کالجزکے طلبہ و طالبات کیلئے تاریخی عجائب گھر پشاور کی سیر اور معلوماتی دورے کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں عجائب گھر میں موجود ہزاروں سال پرانے بدھ مت کے آثارقدیمہ اور تاریخ سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔
یونائٹڈ نیشنل ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن (یو این ڈبلیو ٹی او) نے سال 2020 کو سیاحت اور دیہی ترقی کے سال کے طور پر نامزد کیا ہے جس کا مقصداس سال ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ قدرتی اور ثقافتی ورثہ کا تحفظ اور سیاحت کے شعبے کو فروغ دینا ہے۔
"سیاحت اور دیہی ترقی” کا مقصد اس شعبے کی اقتصادی ترقی کو چلانے اور بڑے شہروں سے باہر مواقع مہیا کرنا ہے بشمول ان کمیونٹیز کے جو دوسری صورت میں پیچھے رہ جاتی ہیں۔
امسال عالمی یوم سیاحت میں پوری دنیا میں ثقافت ، ورثہ کے تحفظ اور سیاحت کے فروغ کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔