قومی

کورونا وباء، "جولائی کے آخری دو ہفتے مہلک ہو سکتے ہیں”

وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ موثر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو جولائی کے آخری دو ہفتے مہلک ثابت ہو سکتے ہیں، صوبوں اور گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سے آنے والی تجاویز کی روشنی میں مشاورت کے ساتھ قومی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

آج کورونا وبا سے محفوظ عید الاضحیٰ کے لیے ضوابط کی تیاری پر علماء و مشائخ کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر داخلہ، مشیر صحت، پارلیمانی سیکرٹری اور صوبائی حکومتی ارکان نے شرکت کی جس میں کورونا سے محفوظ عیدالاضحیٰ کے لیے ضوابط کی تیاری سے متعلق علماء و مشائخ کے ساتھ مشاورت کی گئی۔

مشاورتی اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ موثر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو جولائی کے آخری دو ہفتے مہلک ثابت ہو سکتے ہیں، پاکستان کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح کے حوالے سے پہلے تین ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔

دوسری جانب وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کہتے ہیں کہ صوبوں اور گلگت بلتستان، آزادکشمیر سے آنے والی تجاویز کی روشنی میں مشاورت کے ساتھ قومی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس سے مزید 119 افراد جاں بحق ہونے کے بعد کورونا سے مجموعی طور پر مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 501 جبکہ ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 951 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 76 ہزار 617 ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں:

کورونا، سکول ٹیچر چھولے بیچنے پر مجبور

”دہشت گردی سے متاثرہ گھر بیٹھنے کو تیار نہیں”

”میں ہسپتال نہیں جاتی، قرنطینہ سنٹر میں نہ ڈال دیں”

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں کورونا کے اب تک 65 ہزار 739 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، سندھ میں 67 ہزار 353، خیبر پختونخوا میں 21 ہزار 444، بلوچستان میں 9 ہزار 328، اسلام آباد میں 10 ہزار 662، آزاد کشمیر میں 813 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 278 کیسز رپورٹ جبکہ 67 ہزار 892 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 407 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ میں ایک ہزار 48، خیبر پختونخوا میں 808، اسلام آباد میں 98، گلگت بلتستان میں 21، بلوچستان میں 100 اور آزاد کشمیر میں 19 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 681 ٹیسٹ کیے گئے جس کے ساتھ مجموعی طور پر 10 لاکھ 42 ہزار 787 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button