خیبر پختونخوا

نوشہرہ، فادر ڈے پر کیک خریدنے والا باپ بیٹیوں کی آنکھوں کے سامنے قتل

دنیا بھر میں آج فادر ڈے (یومِ والد) منایا گیا تاہم نوشہرہ میں ایک باپ کو اپنی بیٹیوں کی آنکھوں کے سامنے خون میں نہلا دیا گیا۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق اکوڑہ خٹک کے بھرے بازار میں بیٹیوں کے سامنے والد کو مسلح موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے موت کے گھات اتار دیا، بیاٹیاں والد کی نعش پر ماتم کرتی رہیں جبکہ ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

نوشہرہ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، جائیداد تنازعے پر قتل کا بدلہ لینے کے لیے مسلح موٹرسائیکل سواروں نے 65 سالہ خان زاد گل کو گولیوں سے بھون دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول فادر ڈے کے لیے اپنی دو بیٹیوں نبیلہ گل اور شازیہ گل کے ہمراہ بیکری سے کیک لینے جا رہا تھا، ریسکیو 1122 نے مقتول کی نعش ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال نوشہرہ منتقل کر دی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

مقتول کی بیٹی نبیلہ گل کی مدعیت میں تھانہ اکوڑہ خٹک میں دو نامزد ملزمان کے خلاف قتل اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

دوسری جانب نوشہرہ ہی میں دو مختلف ٹریفک حادثات میں دو نوجوان طالبعلم جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو 1122 نوشہرہ کے مطابق خویشکی آرمی ڈھیری فارم روڈ پر تیز رفتار ڈاٹسن بے قابو ہو کر موٹر سائیکل پر چڑھ دوڑا جس کے نتیجے میں 28 سالہ نعمان علی سکنہ اکوڑہ خٹک موقع پر جاں بحق جبکہ ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

جاں بحق نوجوان نعمان علی کی نعش قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلکس نوشہرہ منتقل کر دی گئی اور تھانہ نوشہرہ کلاں میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

دوسرا واقعہ تازہ گل اکبر پورہ کے قریب پیش آیا جس میں تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر بجلی کے کھمبے کے ساتھ ٹکرا گئی اور موٹر سائیکل سوار افراسیاب خان عمر 22 سال موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button