لائف سٹائل

قبائلی ضلع اورکزئی میں دو روزہ سپرلے فیسٹیول کا انعقاد

خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے تعاون سے ضم اضلاع کے ضلع اورکزئی میں دو روزہ سپرلے اورکزئی فیسٹیول کا آغاز ہوگیا۔

فیسٹیول میں کھیلوں کے مقابلے، جن میں جیپ ریس، سائیکل ریس، بائیک ریس، نیزہ بازی، جوڈو کراٹے، میراتھن ریس، کبڈی، والی بال، کرکٹ، ماسک ریسلنگ سمیت دیگر مقابلے شامل تھے، کے ساتھ ساتھ ثقافتی شو میں اونٹ اور گھوڑے کا روایتی رقص بھی پیش کیا گیا۔

فیسٹیول کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل فارسٹ کارپوریشن محمد طاہر اورکزئی نے کیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اورکزئی طیب عبداللہ، کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس کرنل محمد تسنیم، پراجیکٹس ڈائریکٹرٹورازم اتھارٹی ضم اضلاع ونگ اشتیاق خان،ڈی ایس او محمد حسین،علاقہ مشران سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔

فیسٹیول میں آنے والے سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے  ٹرک آرٹ، چارسدہ چپل، ویکس پینٹنگ، کراکل ٹوپیاں، چارسدہ کھڈرکے علاوہ مختلف صوبوں کے ثقافتی سٹالز بھی سجائے گئے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی فارسٹ کارپوریشن محمد طاہر اورکزئی نے کہا کہ اس فیسٹیول سے علاقہ کا ایک مثبت چہرہ سامنے آئے گا اور آج اس فیسٹیول میں کثیر تعداد میں لوگوں کی شرکت بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں امن ہے اور یہ علاقہ سیاحوں کے لیے بہترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اورکزئی ڈسٹرکٹ میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں جن پر محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کام کررہا ہے۔

ان کے بقول یہ بات قابل ذکر ہے کہ کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی سیاحت کو فروغ دینے اور دنیا بھر میں علاقہ کا ایک مثبت چہرہ پیش کرنے کے لیے پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کیساتھ مل کر صحت مند سرگرمیاں اور فیسٹیولز کا انعقاد کر رہی ہے جس سے نہ صرف اس علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے۔

فیسٹیول میں مقامی لوگوں نے بھی کثیر تعداد میں کھانے پینے کے سٹالز لگائے ہیں۔خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے عید سے قبل پاک فوج کے تعاون سے اورکزئی کو سیاحوں کے لیے کھولا جس میں عید سے لیکر اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد سیاح اورکزئی ڈسٹرکٹ کے سیاحتی مقامات کا وزٹ کرچکے ہیں۔

محکمہ سیاحت اورکزئی میں سمانہ ٹاپ پر کیمپنگ پاڈز لگا رہی ہے جس کا زیادہ تر کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اس کے علاوہ یہاں سیاحوں کیلئے آرام گاہیں، سائن بورڈز اور دیگر سہولیات میسر کر رہی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button