خیبر پختونخوا

دھرنا ختم، جانی خیل مظاہرین کا میت دفنانے کا اعلان

جانی خیل دھرنا شرکاء اور صوبائی حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے،  مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے اور میت کو دفنانے کا اعلان کردیا۔

ترجمان خیبر پختونخوا حکومت کامران بنگش کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق جانی خیل قبائل کا دھرنا گزشتہ کئی روز سے جاری تھا، وزیراعلی خیبر پختونخوا نے صوبائی وزیر شاہ محمد کی سربراہی میں حکومتی جرگہ قائم کیا، کئی دنوں کی کاوشوں سے دھرنا شرکاء کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوئے۔

بیان کے مطابق متفقہ طور پر سات رکنی گرینڈ وزیر جرگہ بنانے پر اتفاق ہوا جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کے نمائندے ہوں گے، گرینڈ جرگہ وزیراعلی کے ساتھ ہونے والے پچھلے مذاکراتی نکات لاگو کرنے میں رکاوٹوں کو دور کرے گا۔

ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ جرگہ حکومتی و علاقائی سطح پر پائی جانے والی رکاوٹوں کو دور کرے گا اور حالیہ دھرنا شرکاء کو پیش آنے والی مشکلات دور کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا، ”آج عوام، صوبائی حکومت اور وزیراعلی محمود خان کی کوششوں سے امن جیت گیا (جبکہ) امن دشمن عناصر کو شکست کا سامنا ہوا۔

حکومت کی طرف سے منسٹر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان وزیر، ڈپٹی کمشنر بنوں کیپٹن (ر) محمد زبیر خان نیازی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران شاہد نے جبکہ جانی خیل کی طرف سے 25 رکنی نمائندہ کمیٹی ممبران نے نمائندگی کی۔

اسکے علاوہ احمدزئی اور اتمانزئی اقوام کے مشران نے ثالثی کرتے ہوئے کامیاب مذاکرات میں حکومت اور مظاہرین کے درمیان پل کا کرداد ادا کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button