قبائلی اضلاع

سول ہسپتال جمرود میں پانی کا بحران، انتظامیہ کیا کہتی ہے؟

ضلع خیبر، سول ہسپتال جمرود کا ٹیوب ویل پچھلے دو ہفتوں سے خراب، ہسپتال کے سب سے اہم شعبہ لیبر روم کو پانی کی ترسیل بند، ڈی ایچ او خاموش، ہسپتال ایم ایس کے مطابق ٹیوب ویل بنانے کیلئے ہسپتال فنڈ میں پیسے موجود نہیں، یہ سی اینڈ ڈبلیو حکام کی ذمہ داری ہے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق ضلع خیبر جمرود کیٹگری ڈی ہسپتال کا ٹیوب ویل گزشتہ دو ہفتوں سے خراب ہے جس کی وجہ سے ہسپتال کے تقریباً تمام شعبہ جات کو پانی کی ترسیل بند ہو گئی جس سے نا صرف ہسپتال میں مریضوں جبکہ عملے کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔

اس کے علاوہ ہسپتال کے سب سے اہم شعبہ زچہ و بچہ (لیبر روم) کو پانی کی ترسیل بند ہو گئی ہے جس سے بیمار خواتین سمیت ڈاکٹرز تکلیف سے دوچار ہیں، دوسری جانب ہسپتال ایم ایس و ڈی ایچ او نے اس اہم مسلئے پر خاموشی اختیار کی ہے اور تاحال ٹیوب ویل کی بحالی کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔

دوسری جانب سول ہسپتال جمرود کے ایم ایس ڈاکٹر زین نے رابطے پر بتایا کہ ہسپتال فنڈ میں سے اس ٹیوب ویل کیلئے کوئی پیسے موجود نہیں، یہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی ذمہ داری ہے جبکہ متعلقہ محکمے نے بھی اس کی بحالی سے انکار کرتے ہوئے فنڈ کی عدم موجودگی کا کہا ہے، ”ایمرجنسی بنیادوں پر پانی کی ٹینکی لا کر ضرورت پوری کی جا رہی ہے۔

درایں اثناء علاقہ مکینوں نے ہسپتال انتظامیہ اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی اس عدم توجہی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و سیکرٹری ہیلتھ سے ہسپتال عملے کے خلاف کاروائی اور ٹیوب ویل مسئلے کے حل کا مطالبہ کیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button